کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،ایوان نےسندھ یونیورسٹی ترمیمی بل 2025اور سندھ سول کورٹس ترمیمی بل(نظر ثانی) کی دوبارہ منظوری دیدی ۔ گورنر کا اعتراض مسترد، ۔ اپوزیشن کا شدید احتجاج ، بلوں کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں، حضرت لعل شہباز قلندر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور ،تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی نےگورنر سندھ کی جانب سے اعتراض شدہ سندھ یونیورسٹی ترمیمی بل2025اور سندھ سول کورٹس ترمیمی بل(نظر ثانی) کی دوبارہ منظوری دیدی ۔ اپوزیشن نے ان دونوں ترمیمی قوانین کی منظوری کے موقع پر ایوان میں زبردست احتجاج کیا، بلوں کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں اور نامنظور۔۔۔ نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے۔سندھ اسمبلی کا اجلاس پیرکو ڈپٹی کو اسپیکر نوید انتھونی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیا ءالحسن لنجار نے سندھ یونیورسٹی ترمیمی بل 2025 اور سندھ سول کورٹس ترمیمی بل(نظر ثانی شدہ) الگ الگ منظوری کے لئے پیش کئے اس موقع پر اپوزیشن نے جن میں ایم کیو ایم ارکان پیش پیش تھے شدید شور شرابہ شروع کردیا۔