• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن معاشی خوشحالی سے جڑا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا مشن، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکا کی پاکستان میں ناظم الامور نٹالی بیکر کی ملاقات ہوئی‘وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کیلئے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا جبکہ شہبازشریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے‘ملک میں امن معاشی خوشحالی سے جڑا ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔شہباز شریف نے کابینہ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خط سے آگاہ کیا اور بتایاکہ سعودی عرب نے مؤخر ادائیگی پر10 کروڑ ڈالرکی ماہانہ پٹرولیم مصنوعات فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعظم نے فیصلے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے سعودی ولی عہدکی حمایت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب ہرمشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھاکہ اڑان پاکستان سمیت اقتصادی ایجنڈے اور اس کے اہم مقاصد کو پورا کرنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان فلسطین اور کشمیر کے لئے ایک مضبوط آواز ہیں‘انہوں نے وزارت تجارت اور دیگر متعلقہ وزارتوں پر زور دیا کہ وہ ترکیہ کے ساتھ 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن معاشی خوشحالی سے جڑا ہوا ہے جس سے ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے گا۔معاشی استحکام کیلئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے امریکا کی ناظم الامورنٹالی بیکر کی ملاقات ہوئی۔وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور بشمول دونوں ممالک کے مابین تجارت کے مزید فروغ کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، زراعت، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اہم خبریں سے مزید