اسلام آباد( طاہر خلیل ) ایوان صدر میں پاک چائنا انسٹی ٹیوٹ کی تقریب کئی پہلوؤں سے منفرد نوعیت کی حامل تھی، صدر آصف علی زرداری دو ہفتے قبل چین کے کامیاب دورے سے واپس آئے پاکستان اور چین میں اعلیٰ ترین سطح پر موجودہ عہد حکومت میں پہلا رابطہ تھا جس میں صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی صدر مملکت نے اپنی تقریر میں بھی دورہ چین کے حوالے دیئے، بلوچستان سی پیک منصوبے اور گوادر رپورٹ کے حوالےسے اہم صوبہ ہے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کو اسی حیثیت میں مدعو کیا گیا اور انہیں صدر آصف علی زرداری اور مشاہد حسین سید کیساتھ نشست دی گئی ، انٹر نیشنل کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ چین ،امریکا ،متحدہ عرب امارات اور وسط ایشیائی ریاستوں کے ماہرین موجود تھے۔