کبیر والا (نامہ نگار) پنجاب کالج کبیروالا کے باہر جرائم پیشہ عناصر کا طلبہ پر حملہ، ہنٹروں، ڈنڈوں اور سوٹوں سے بدترین تشدد، تین طلبہ زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد طلبہ اور والدین میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،متاثرہ طلبہ کے اہل خانہ کاملزمان کے خلاف سخت کارروائی اور چھٹی کے وقت پولیس تعیناتی کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق کبیروالا تھانہ سٹی کی حدود میں واقع پنجاب کالج کے گیٹ پر شہزاد آرائیں عرف شادہ گینگ کے درجن بھر مسلح افراد نے گزشتہ روز چھٹی کے وقت طلبہ پر حملہ کر دیا،حملہ آوروں نے ڈنڈوں، ہنٹروں اور سوٹوں کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے طلبہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں تین طالب علم زخمی ہوگئے،افسوسناک واقعے کے بعد والدین کا کہنا تھاکہ تعلیمی ادارے بھی اب محفوظ نہیں رہے، ہمارے بچوں کی جان کو خطرہ ہےاور اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو ایسے واقعات مزید بڑھ سکتے ہیں،طلبہ اور والدین نے ڈی پی او خانیوال اسماعیل الرحمان کھاڑک سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور چھٹی کے وقت کالج کے باہر پولیس تعینات کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔