راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل منشیات کیس کاحوالاتی پانچ گیٹ عبور کرکے فرارہوگیا۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے غفلت ولاپرواہی کے مرتکب 2اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس سمیت چھ جیل ملازمین کو 90 روز کیلئے معطل کرکے انکوائری کاحکم دے دیا۔ذرائع کے مطابق اندرون جیل تعمیراتی کام جاری ہے جس میں بڑی تعدادمیں مستری اور مزدور کام کررہے ہیں جن کی آمدورفت کاسلسلہ دن بھر جاری رہتاہے ۔گزشتہ روزبیرک نمبر8میں بندنعمان گل حیران کن طور پراپنی بیرک سے نکل کرتقریباً 5گیٹوں سے ہوتاہواجیل عملے کوماموں بناکر فرار ہو گیا۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اس نے پہلے اپنی بارک کاگیٹ کراس کیاپھر بارک نمبر چار اور آٹھ کے درمیان والاگیٹ سے چکر والے گیٹ پر آیا جہاں دربان نے اسے آنے دیا، پھر ڈیوڑھی والاگیٹ عبور کرکے جیل کے بیرونی گیٹ سے باہر نکل گیا۔ اس کے جیل سے فرار ہونے کاپتہ بدھ کی صبح گنتی کے دوران ہوا جس پر جیل حکام میں کھلبلی مچ گئی ۔بعدمیں سی سی ٹی وی کیمروں سے معلوم ہواکہ ملزم نومی گل تعمیراتی کام کرنے والے عملے کے ہمراہ جیل حکام کو غچہ دے کر فرار ہوا۔جیل ذرائع کاکہنا ہے کہ ملزم نشے کاعادی ہے اور تیسری مرتبہ جیل میں آیاتھا ۔معطل کئے گئے جیل ملازمین میں انچارج ایڈمن برانچ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ الطاف حسین ،انچارج سینٹرل ٹاورونارکوٹکس بیرکس اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سجاد حیدر شاہ ،چیف انچارج بیرک نمبر 6،8،ہیڈ وارڈر محمدریاض ،انچارج بارک نمبر 8وارڈر عمران خان، دربان نمبر1وارڈر عمار ظہور اور دربان نمبر 2وارڈر شیرزمان شامل ہیں ۔