راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)سٹیشن کمانڈر راولپنڈی کینٹ بر یگیڈئر احمد نواز نے کہا ہے کہ مال روڈ انڈر پاسز کی تعمیر کو جنگی بنیادوں پر جلد سے جلد مکمل کر کے کینٹ کے شہریوں اور تاجروں کو تحفہ دینگے ۔انڈر پاس کی تعمیر کے دوران مال روڈ کے تاجروں کو ہر ممکن ریلیف دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمال روڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا جس نے زاہد بختاوری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر زاہد بختاوری نے کہا ہےکہ انڈرپاس کی تعمیر کے دوران الامین پلازہ و ملحقہ ہسپتالوں تک سڑک کو کھلا رکھ کرمریضوں اور ادویات کے خریداروں کی رسائی ممکن بنائی جائے۔ پارکنگ کےلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ ملاقات میں شیخ عنایت اللہ ،چوہدری امتیاز، چوہدری عمران رشید ،طلحہ رانا، شیخ ساجد،عیاد افضل و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اور سید عرفان علی رضوی سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ اور حیدر شجاع ایڈیشنل سی ای او بھی موجود تھے۔