کراچی (عبدالماجد بھٹی( پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مشن ایمپوسیبل میں بھارت کے خلاف معرکہ سر کرنے جمعرات کی صبح پاکستان ایئر فورس کے خصوصی جہاز پر فیصل بیس کراچی سے دبئی پہنچ گئی۔ اس کٹھن امتحان سے قبل کئی بری خبریں ملیں، ہوم سائیڈ نے میگا ایونٹ کا بدترین آغاز کیا، اسے نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی، ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں شکست کے چند گھنٹے بعد پاکستانی اتوار کو ہونے والے اہم ترین میچ سے قبل امیدوں کے محور، جارح مزاج اوپنر فخر زمان پسلیوں میں تکلیف کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ ساتھ ہی ٹیم پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ بھی عائد ہوگیا۔ خیال رہے کہ صائم ایوب بھی فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے اور وہ بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ فخر زمان کی جگہ ان فارم ٹیسٹ اوپنر امام الحق کو پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وسیم خان، عثمان واہلہ، سارا ایڈگر اور شان پولاک پر مشتمل ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے انہیں پاکستان اسکواڈ میں شمولیت کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان ٹیم چیئرمین محسن نقوی، سی ای او سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی، میڈیا ایڈوائزر عامر میر، ڈائر یکٹر میڈیا سمیع الحسن، میڈیا آفیسر رفیع اللہ کے ساتھ دبئی پہنچی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ چوں کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہے اس لئے افسران امارات بورڈ کے ساتھ پاک بھارت میچ کے انتظامات کریں گے۔ پاکستان ٹیم نے دبئی پہنچ کر آرام کیا ، جمعے کو آئی سی سی اکیڈمی میں فلڈ لائٹس میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ دریں اثنا ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ پرپاکستانی ٹیم کو میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور کم کروایا تھا۔ کپتان محمد رضوان نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے سامنےغلطی مان کر جرمانہ تسلیم کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ فخر زمان طویل انجری کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم میں واپس آئے تھے۔ لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران پہلے ہی اوور میں پٹھوں میں کھچاؤ کے باعث ان فٹ ہوکر میدان سے چلے گئے تھے ، کچھ دیر بعد وہ واپس آئے تھے ۔