• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدات 60 بلین ڈالر تک لے جانے کیلئے حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر کے تک لے جانے کیلئے جامع اور مؤثر حکمت عملی بنائی جا ئے، معیشت کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئےٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرائی جائیں ۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سےمنعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی ۔وزیراعظم نے معیشت کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے معاشی ٹیم کو ٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنایا ،ٹیرف میں اصلاحات لا کر صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی حکمت عملی اپنائی جائے،وزیراعظم نے برآمدات میں اضافے کیلئے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ برآمدی صنعتوں کی ترقی کیلئے ایکسپورٹ ڈیویلوپمنٹ فنڈ کے گورننس نظام میں ضروری اصلاحات کی جائیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت تجارت میں اصلاحات کی پیشرفت اور آئندہ پانچ سال میں برآمدات کا ہدف 60 بلین ڈالر تک لے کر جانے کے لیے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ادھر شعبہ صحت و دوا سازی میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیرِاعظم نے ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے، اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان میں صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے موبائل ہسپتالوں کے اجراء، ملک میں جعلی ادویات کیخلاف صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون و مشاورت سے آپریشن کی ہدایت کی ۔
اہم خبریں سے مزید