کراچی( اسٹاف رپورٹر )انچارج ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی سیٹ پینڈولم بن گئی ، دو ہفتے کے دوران تیسری بار نوٹیفیکیشن میں ترمیم کر دی گئی۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 کے افسر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم زون راولپنڈی شہزاد حیدر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم زون کراچی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ انھیں ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے ۔نوٹیفیکیشن کے مطابق کراچی میں تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد عامر نواز کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم زون راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 7 فروری کو بھی شہزاد حیدر کو مذکورہ دونوں عہدے دئیے گئے تھے اور عامر نواز کا تبادلہ راوالپنڈی کیا گیا تھا تاہم 11 فروری کو وہ نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا گیا تھا اور اب 20فروری کو دوبارہ سے اسی نوٹیفکیشن کو جاری کیا گیا ہے۔