کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جمعے کو کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی انوکھی واردات ہوئی۔ جس میں چیمپئنز ٹرافی کا میچ دیکھنے آنے والی ایک فیملی کو اسٹیڈیم کے باہر موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے ٹکٹ سے محروم کردیا۔سیکورٹی اہلکار منہ تکتے رہ گئے۔ شاہ فیصل کالونی سے میچ دیکھنے آنے والے متاثرہ شخص عبدالرحیم نے بتایا کہ وہ اپنے تین بچوں اور اہلیہ کے ساتھ میچ دیکھنے آئے تھے، پی ایس بی کوچنگ سینٹر میں گاڑی پارک کر کے سڑک پار کررہے تھے کہ موٹر سائیکل پر آنے والے دو نوجوان بچے کے ہاتھ میں موجود پانچوں ٹکٹ چھین کر فرار ہوگئے، جس کی وجہ سے ہم مایوسی کی حالات میں واپس گھر جارہے ہیں۔