آکسفورڈ (نیوز ڈیسک) حکومتِ سندھ اور آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی جانب سے سندھ کے طلباء کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی میں گریجویٹ اسکالرشپس کا اعلان کیا گیا ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی موجودگی میں کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی پروفیسر اسٹیفن بلیتھ، پرنسپل لیڈی مارگریٹ ہال نے کی۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہن، محترمہ صنم بھٹو؛ مصنفہ اور مورخ وکٹوریا اسکو فیلڈ، سندھ اور بلوچستان کے سینئر حکام او پی پی کے اہم شخصیات تقریب موجود تھے۔
سندھ کے باصلاحیت طلباء کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے چھ معزز گریجویٹ اسکالرشپس کے قیام کا اعلان کیا گیا۔
اسکالرشپس شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے منسوب کی جائیں گی اور او پی پی کے سالانہ گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا حصہ ہونگی۔
گزشتہ سال، او پی پی نے سندھ کے دو اور بلوچستان کے ایک طالب علم کو اسکالرشپس فراہم کیں۔فنڈ کے تحت ہر سال سندھ کے چھ بہترین طلباء کو آکسفورڈ کی لیڈی مارگریٹ ہال میں گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کیلئے مالی امداد فراہم کی جائیگی۔
تین اسکالرشپس شہید بے نظیر بھٹو اسکالرشپ کے تحت خواتین کیلئے مخصوص ، تین اسکالرشپس شہید ذوالفقار علی بھٹو اسکالرشپ کے تحت دی جائینگی۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ او پی پی کم وسائل والے رکھنے والوں کیلئے دروازے کھول رہا ہے اور پاکستان کے باصلاحیت طلباء کیلئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔