اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اگر محنت کر کے بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں،عمران کہتا تھا میں باہر سے پیسے مانگنے جاتا ہوں،آپ کیا بانٹنے جاتے تھے؟ ملکی بربادی کیلئے اسلام آباد پر چڑھائی کی جاتی تھی، پاکستان قرضوں کیساتھ ترقی نہیں کریگا دعا کریں پاکستان کے قرضے ختم ہو جائیں، خارجی طاقتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کیلئے دن رات سازشیں کی جاتی رہی ہیں،ہڑتالوں اور دھرنوں سے ملک کو نقصان پہنچایا گیا جب تک جان میں جان ہے پاکستان کو عظیم ملک بنائینگے،ہم نے سیاست پر ملک کو ترجیح دی،وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کا وسیع نیٹ ورک پھیلا کر جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیساتھ ساتھ ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی و خوشحالی کیلئے پرعزم ہے، ہم پاکستان کی تقدیر بدلیں گے پاکستان ترقی کریگا، زراعت، صنعت اور برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرینگے،ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ہفتہ کو ڈیرہ غازی خان کے دورہ اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسہ گاہ پہنچنے پر جنوبی پنجاب کے عوام نےانکا بھرپور استقبال کیا ،وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازی خان کے عوام نے جو محبت دی ہے اس کا احسان ساری زندگی ادا نہیں کرسکتا میرے قائد نواز شریف کا ویژن ملک کی ترقی ہے، نواز شریف نے اپنے دورہ حکومت اور بطور خادم اعلیٰ پنجاب میں نے جنوبی پنجاب کیلئے ہمیشہ دوسرے علاقوں کی نسبت ترقیاتی سکیموں کا کوٹہ زیادہ رکھا جو کوئی احسان نہیں بلکہ آپکا حق تھا،مریم نواز شریف اب پورے پنجاب اور جنوبی پنجاب کے اس خطے میں ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں اور مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، لیپ ٹاپ، کسان کارڈ کی فراہمی جا رہی ہے، دل اور جگر کے ٹرانسپلانٹ سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں، سرگودھا میں بھی ایک بڑا امراض قلب کا ہسپتال قائم کیا جارہا ہے اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے،وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ یہاں بھی ہسپتال بننا چاہئے جس پر میں اعلان کرتا ہوں کہ ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال قائم کیا جائیگا، ، دن رات کی محنت سے مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4فیصد پر آئی ہے، کاروباری افراد ، کسانوں، سرمایہ کاروں کیلئے بینک کے قرضہ کی شرح سود 22سے کم کر کے 12فیصد تک کر دی گئی ہے، ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہےملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، ہم نے عوام کی خدمت کیلئے دن رات کام کیا جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں ، جنوبی پنجاب کے عوام کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبے آپکا حق ہیں، انہوں نے کہا جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی عروج پر تھی اسوقت فیصلہ کرنا تھا کہ سیاست بچائیں یا ملک تو نواز شریف نے سیاست قربان کر کے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا، آج ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، میرے لئے تمام صوبے برابر ہیں، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کیساتھ مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، دعا کریں کسان بہترین فصل کاشت کریں ، صنعت کی چمنیوں سے دھواں نکلے او رپاکستان کا کاروبار چمکے، ڈیرہ غازی خان والوں کے مسلم لیگ (ن)پر احسان ہیں ساری عمر بھی آپکی خدمت کروں تو آپکا احسان نہیں اتار سکتا، اپنے تمام غیر ملکی دوروں میں پاکستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے ایک سال میں ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے۔