راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے کارکنوں نے مری روڈ پر بِنائے لا اِلہ ماتمی احتجاج کیا جس کی قیادت علمائے کرام، ماتمی تنظیموں کے عہدیداروں نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ حسینیت کلمۂ توحید و رسالتؐ کی پاسبان ہے ۔ حکومت سابقہ حکمرانوں کی غلطیوں کو نہ دہرائے، چار دیواری کے اندر مذہبی عبادات پر پابندی کی ایس او پیز کا مقصد حکومتوں کو دلدل میں دھکیلنا ہے۔ ناجائز ایس او پیز کا خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی کی کال پر ہونے والے احتجاج کے دوران منظور کردہ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ نئی مجالس نئے ماتمی جلوسوں نئے امام بارگاہوں پر عائد پابندیوں اور ایس او پیز کو بنیاد بنا کر قائم کی گئی ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے۔ اعلامیہ پیش کرتے ہوئے تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ کے صوبائی صدر علامہ باقر نقوی نے کہا کہ مکتبِ تشیُع کے عقائد سے متصادم ہر قانون سازی کو مسترد کرتے ہیں، مذہبی سیاسی جماعتوں کو ملنے والی فارن فنڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، ہر جماعت کا آمدن و خرچ چیک کیا جائے ۔ کالعدم جماعتوں کیخلاف بِلا رعایت کارروائی کی جائے۔ حسن کاظمی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔