راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)زیر تعمیرراولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل اور ویمن جیل راولپنڈی رواں سال فنکشنل ہوجائیں گی ،اڈیالہ جیل سے متصل دونوں جیلوں کاتعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی عبدالغفور انجم نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ عالیہ نیلم نے گزشتہ ماہ ایک اجلاس کے دوران آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کو راولپنڈی ،لاہور اور فیصل آباد میں زیرتعمیر عورتوں کی جیلیں جلدازجلد مکمل کرکے فعال کرنے کی ہدایت کی تھی جس کی روشنی میں راولپنڈی ویمن جیل کی تعمیر اتی کام تیزی سے مکمل کیاجارہاہے۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کاکہناہے کہ ویمن جیل میں اڑھائی سوخواتین قیدیوں اور بچوں کو رکھنے کی سہولت ہوگی اور اس کے لئے الگ سے خاتون سپرنٹنڈنٹ اور عملہ تعینات کیاجائے گا۔اسی طرح راولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل بھی رواں سال مکمل ہوجائے گی جس میں قیدیوں کے لئے 7بیرکس تعمیر کی جارہی ہیں ،اس کے علاوہ ،جیل کااپنا الگ ہسپتال ،مطبخ ،اور گودام بھی تیارہورہاہے ،دونوں نئی جیلوں کی تعمیر سے اڈیالہ جیل پر اسیروں کوبوجھ کسی حد تک کم ہوجائے گا۔توقع ہے کہ راولپنڈی ویمن جیل جون جولائی تک اور ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی رواں سال کے اواخر میں فعال ہوجائیں گی ۔