راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اسلام آبادٹریفک پولیس نے چمپئنز ٹرافی2025کے سلسلے میں بڑی گاڑیوں کیلئے ٹریفک پلان وضع کردیا ۔پلان کے مطابق 24، 25اور 27 فروری کو ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کیلئے صبح 7 بجے سے ڈیڑھ بجے رات تک اسلام آباد میں داخلہ بند ہو گا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 351افسران اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں گے ۔ شہریوں کی سہولت کے لئے متبادل راستوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس کے مطابق پشاور سے لاہور جانیوالی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے استعمال کریگی۔ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانیوالی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے،جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے شہری ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ، روات، لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے شہری روات، چک بیلی روڈ چکری، ٹیکسلا موٹروے استعمال کرسکتے ہیں۔ روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک سست روی کا شکار رہے گی، شہری اسلام آباد میں سفر کے لئے متبادل راستو ں کا استعمال کریں تاکہ کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ جہاں روڈ بند کئے جائیں گے وہاں متبادل راستہ مہیا کرنے کے لئے ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود ہو گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔