لندن: کاریں چرانے کیلئے الیکٹرانک آلات استعمال کرنے والے مجرموں کو پانچ برس تک کی سزا ہوسکے گی۔ کار چوری کی تقریباً 40 فیصد وارداتوں میں سگنلز جام کرنے والے آلات استعمال ہوتے ہیں۔
منگل کو پارلیمنٹ میں پیش ہونے والے کرائم اینڈ پولیسنگ بل میں تجویز کیا گیا کہ کار چوری میں معاونت کرنے والے سگنلز جامرز جیسے آلات رکھنا، فروخت یا تقسیم کرنا جرم تصور ہوگا اور ملوث افراد کو لامحدود جرمانہ اور پانچ برس تک کی سزا دی جاسکے گی۔
یہ آلات ریموٹ لاکنگ کو بلاک کردیتے ہیں جس کے بعد مجرموں کو بغیر چابی کے کار تک رسائی مل جاتی ہے، فی الحال کسی شخص کے پاس سے سگنلز جیمرز جیسے آلات برآمد ہونے پر اسے صرف اس وقت سزا ہوسکتی ہے جب یہ ثابت ہو کہ اس نے کسے جرم کیلئے اسے استعمال کیا لیکن نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس آلہ کے برآمد ہونے پر متعلقہ شخص کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس آلے کو رکھنے کا مقصد قانونی طور پر استعمال کرنا ہی تھا۔
پولیس فورسز کے اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں ہر 10 میں سے 4 اور لندن میں 60 فیصد کاریں ان آلات کے مدد سے چوری کی جاتی ہیں
انگلینڈ اور ویلز کے 23-2022 کے کرائم سروے کے مطابق 40 فیصد کاریں ریموٹ لاکنگ سسٹم میں گڑبڑ کر کے چوری کی گئیں۔
ہوم آفس کے مطابق ستمبر 2024 میں ختم ہونے والے برس میں کار چوری سے متعلق 7 لاکھ 32 ہزار جرائم رپورٹ ہوئے۔
پولیسنگ منسٹر ڈیانا جانسن کے مطابق کار چوری ہونے سے متاثرہ شخص کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور حکومت لوگوں کے ان آلات کے استعمال سے متعلق خدشات سے آگاہ ہے۔