کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب موٹر وے ایم نائن پر ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ قرار دے کر سہراب گوٹھ کی چورنگی کو بند کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی جمالی پل سے پہلے موجود یوٹرن کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کراچی پیر محمد شاہ نے نمائندہ ’جنگ‘ کو بتایا کہ گزشتہ اتوار کو انہوں نے ٹریفک پولیس کے تمام ایس ایس پیز اور افسران کے ہمراہ سہراب گوٹھ کے قریب موٹر وے ایم نائن کی بڑی چورنگی کا دورہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ان کے ساتھ نیشنل ہائی وے اتھارٹی انجینئرنگ بیورو اور موٹر وے پولیس کے لوگ بھی موجود تھے، تمام افراد نے جورنگی پر کافی وقت گزار کر مانیٹرنگ کی تو پتہ چلا کہ اس مقام پر چورنگی بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے، اس چورنگی پر الٹی سیدھی گاڑیاں چلنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے جس پر چورنگی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایس ایس پی ٹریفک ملیر شوکت علی کھٹیان نے اس نمائندے کو بتایا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے پہلے مرحلے میں جمالی پل سے پہلے موٹر وے ایم نائن کے یوٹرن کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک ملیر شوکت علی کھٹیان کے مطابق اس سلسلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے یوٹرن کو محفوظ بنانے کے لیے بلاک کھڑے کر کے غلط آمد و رفت کو روک دیا ہے۔