اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابوظہبی کے کراؤن پرنس (ولی عہد) شیخ خالد بن محمد بن زیدالنہیان 27فروری کو پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آرہے ہیں، اعزاز عطا کیا جائے گا، صدر سمیت وزیراعظم اور آرمی چیف بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں اپنی مصروفیات کے دوران وہ پاکستان کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان کی اہم مصروفیات میں متعدد ایم او یوز پر بھی دستخط ہوں گے جن کی نوعیت غیرمعمولی طور پر اہمیت کی حامل ہے۔ ایوان صدرمیں ہونے والی ایک سادہ اور پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری کراؤن پرنس کو اعزاز عطا کریں گے، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر بھی موجود ہوں گے۔