پشاور ( وقائع نگا ر)ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوانے انتظامیہ کی جانب سے دودھ کے سرکاری نرخ میں 20 روپے فی کلو کی کمی کو فارمرز کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتو ں کے فیصلے پر فوری نظر ثانی کرنے سمیت فارمرز کے ساتھ مشاورت کر کے دودھ کی قیمت کو حقیقت پسندانہ سطح پر بحال کیا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر میجر ریٹائرڈ اظہر علی خان اور جنر ل سیکرٹری محمد حارث خان نے بتایا کہ اس ظالمانہ اور غیر منصفانہ فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہے یہ فیصلہ پورے ڈیری فارمنگ سیکٹر کے لیے پریشانی کا باعث ہے، جبکہ دودھ کی پیداوار میں استعمال ہونے والی تمام اجناس (سویابین، مکئی، ونڈا، بھوسہ وغیرہ) کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں دودھ کے نرخ کم کرنا فارمرز کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی فارمر دوست کاوشوں اور مؤثر پالیسیوں کی بدولت اسپیکر خیبر پختونخوااسمبلی، وزیر لائیو اسٹاک، سیکرٹری لائیو اسٹاک، ڈی جی لائیو اسٹاک، اور ڈی جی حلال فوڈ اتھارٹی خیبر پختونخوا کی مسلسل مشاورت اور کاوشوں کے نتیجے میں دودھ کے ریٹ کو حقیقت پسندانہ سطح پر لایا گیا تھا تاہم، اب اچانک انتظامیہ پشاور کی جانب سے دودھ کے نرخ کم کر دیے گئے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔