کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر و معروف قانون دان امان اللہ کنرانی نے کہاہےکہ بلوچستان اسمبلی کی تاریخی عمارت کو منہدم کرنے کی منظوری دینے والوں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا ہوگا۔گدان و خیمہ ہماری ثقافت اور معاشرت کا اٹوٹ انگ ہےایک طبقہ بلوچستان کے تمام آثار کو مٹاکر اور نو آبادیاتی نظام کو پرورش چڑھا کر بلوچ پشتون کو ریڈانڈین کی طرح رکھنا چاہتا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی کے جمعہ 28 فروری کے اجلاس کے ایجنڈے میں بلوچستان کے تاریخی و ثقافتی ورثہ و قبائلی نشان کے حامل بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو منہدم کرنے کی قرارداد پیش کرنے کی جسارت افسوسناک ہے کیونکہ بلوچستان اسمبلی کی عمارت بلوچستان کی شناخت کا آئینہ دار ہے جس سے ہمارے معاشرے کا گہرا تعلق اور پہچان وابستہ ہے۔