پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے 21 ثانوی اور اعلیٰ سطحی طبی مراکز کے ایڈمنسٹریٹرز اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (آئی پی سی) فوکل پرسنز کے لئے دو روزہ اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا تاکہ قومی رہنما اصولوں کے مطابق آئی پی سی کے عملی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی معاونت سے منعقدہ اس اقدام کا مقصد ہسپتالوں میں ہونے والے انفیکشنز کو کم کرنا اور معیاری طریقہ کار کے ذریعے علاج کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ این آئی ایچ اس منصوبے کے تحت ہسپتالوں میں بنیادی جائزے لے گا اور عملے کی استعداد کار میں اضافہ کرے گا تاکہ آئی پی سی کے اصولوں کا مؤثر اور پائیدار نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔ اورینٹیشن سیشن میں ہسپتال ایڈمنسٹریٹرز اور آئی پی سی فوکل پرسنز کو بہترین عملی مہارتوں سے آراستہ کیا گیا تاکہ وہ مریضوں کی حفاظت کو بہتر بنا سکیں اور انفیکشن کنٹرول کے نظام کو مزید مؤثر بنا سکیں۔ اس اقدام کے ذریعے محکمہ صحت اور این آئی ایچ صوبے بھر میں محفوظ اور معیاری صحت کی سہولیات کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔