پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں فریقین کے درمیان فائرنگ تبادلے میں کم سن لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی جس کے خلاف ورثاءنے احتجاج کیا اور نعش پولیس اسٹیشن لے آئے جبکہ پھندو میںسعودی عرب سے آنے والے مقروض نے مبینہ طور خود کو پھانسی دیکرخودکشی کرلی۔سربند میں شہری کو قتل کردیا گیا جبکہ ریگی ماڈل ٹاون سے لاوارث نعش برآمد کرلی گئی ہے۔ تھانہ بڈھ بیر پولیس کو فلق نیاز نے بتایاکہ شفاخانہ کے علاقے میں فریقین کے درمیان پانی کے تنازعہ پر فائرنگ ہورہی تھی اس دوران گولی اس کی13یا14سالہ بیٹی لبنیٰ کو لگی جو جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے بتایاکہ لڑکی رکشہ میں جارہے تھے کہ اس دوران فائرنگ کی زد میں آگئی۔ پولیس نے ملزمان آیاز، فیاض، گلزار اور فریق دوم سے شاہد، نصراللہ وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ورثاءنے بچی کی نعش شہ زور میں ڈال کر پولیس اسٹیشن لے آئے اور وہاں احتجاج ریکارڈ کیا۔ ادھر نعمان نے تھانہ پھندوپولیس کو بتایاکہ حیدرکالونی میں اس کا والد اکرام الدین ولد فیروزالدین بعمر57سال 5یا 6ماہ قبل سعودی عرب سے آیا تھا اور اس نے رشتہ داروں سے قرض لیا تھا۔قرض کی عدم ادائیگی پر اس نے گھر کے اندر مبینہ طور پردلبردشتہ ہوکر گلے میں پھندہ ڈال کر لٹک گیا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا، پولیس نے انکوائری شروع کردی۔ ادھر ریگی للمہ ٹاون کے علاقے میں خوڑ سے لاوارث نعش برآمد کرلی گئی جو ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے ۔ ادھر تھانہ سربند کی حدود سنگو بالہ میں عمر علی ولد وزارت ساکن شبقدر کو نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے قتل کردیا جس کی نعش پوسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے مردہ خانہ منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔