• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان سے قبل فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی مضر صحت خوراک کیخلاف کارروائی

پشاور( وقائع نگا ر)وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر رمضان سے قبل فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مضر صحت اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائی، صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے مختلف شہروں میں بڑی کارروائیاں کی گئیں،ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور حاجی کیمپ میں مصالحہ جات یونٹ پر چھاپے کے دوران 1 ہزار کلو سے زائد مضر صحت مصالحہ جات، 450 لیٹرز خراب تیل، 500 کلو سے زائد چوکر اور 2 کلو رنگ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونٹ کو سیل کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔دوسری جانب فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے موٹروے سروس ایریا اور نوشہرہ روڈ میں خوراک سے وابستہ مختلف شاپس کا معائنہ کیا اور زائدالمیعاد بریڈ،مشروبات، غیر معیاری و مس لیبل سویٹس اور چپس برآمد کرکے ضبط کر لئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بنوں روڈ ڈی آئی خان میں ایک دکان سے معائنے کےدوران ممنوع چائنہ سالٹ برآمد ہونے پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو داد دیتے ہوئے کہاکہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی اور مضر صحت خوراک کی فروخت کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے اور کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
پشاور سے مزید