پشاور (وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ پشاور نے چارسدہ روڈ پر شاہی کٹھے کے قریب تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔ کارروائی میں فیلڈ ریونیو حکام، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ اور مقامی پولیس نے بھرپور حصہ لیا، جس کے نتیجے میں تین کنال قیمتی کمرشل سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا۔ یہ اراضی مختلف کاروباری مقاصد کے لیے غیر قانونی طور پر قابضین کے زیر استعمال تھی، جس کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 10 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف سرکاری املاک کا تحفظ ممکن ہوا بلکہ عوامی راستوں اور سہولیات کی بحالی میں بھی مدد ملی۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائے گا، اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور سرکاری اراضی کو غیر قانونی استعمال میں لانے سے گریز کریں