• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش سے میچ بارش کی نذر، اللّٰہ کی رحمت نے پاکستان کو ایک پوائنٹ دلا دیا

کراچی (عبدالماجدبھٹی) بارش کو پاکستانی کرکٹرز پر رحم آگیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دو میچوں میں خراب کارکردگی کے بعد تیسرا میچ نہ ہوسکا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ منسوخ کردیا گیا ، اس طرح اللّٰہ کی رحمت سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ پاکستان میں جاری چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی چھ دنوں میں ہی میزبان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ راولپنڈی میں وقفے وقفے بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی نہ ہوسکا ۔ دونوں ٹیمیں اپنے بھارت اور نیوزی لینڈ سے دونوں میچز ہار کر ایونٹ سے باہر ہوچکی تھیں۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر سفر ختم کیا اور پلیئرز گھروں کو روانہ ہوگئے۔ جمعرات کی سہ پہر پنڈی اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم میں عجیب منظر دیکھا گیا، پاکستانی کرکٹرز اپنے کٹ بیگ پیک کررہے تھے لیکن کسی کو نہیں معلوم کہ ان میں سے کن کن کھلاڑیوں کے کٹ بیگ دورئہ نیوزی لینڈ میں بھی کھلیں گے ۔ خیال رہے کہ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، بہتر رن اوسط کی بدولت بنگلہ دیش پوزیشن تیسری پر رہا۔ قومی ٹیم اپنے اعزاز کے دفاع میں ایک میچ نہ جیت سکی۔کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی بھی انتہائی ناقص رہی۔ فاسٹ بولرز نے سخت مایوس کیا۔ کوئی بولر تین وکٹیں بھی حاصل نہ کرسکا۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رئوف بری طرح ناکام رہے۔ ابرار احمد نے دو وکٹیں 37 کی اوسط سے حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے پچاس، حارث رئوف نے 67.50 اور شاہین شاہ آفریدی 71کی اوسط سے دو، دو وکٹ لیے ۔ پاکستان کے علاوہ ایونٹ میں شریک دیگر 7 ٹیموں کے بیٹرز نے کم از کم ایک سنچری اسکورکی ۔ تاہم قومی ٹیم کا کوئی کھلاڑی سنچری اسکور نہ کرسکا۔ دو میچز میں گرین شرٹس کیئے خوش دل شاہ نے سب سے زیادہ107 رنز بنائے۔ بابر اعظم اور سعود شکیل نے ایک ایک نصف سنچری بنائی ۔ بابر اعظم 87 ، سعود 68 اور کپتان محمد رضوان 49 رنز بناسکے۔ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم قبول کرتے ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ قوم کے سامنے اچھا کھیلنا چاہتے تھے، اب سخت محنت کرکے واپس آئیں گے۔ پچھلے کچھ میچز میں غلطیاں کیں، ان سے سیکھیں گے۔ اگلے دورہ نیوزی لینڈ میں کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ بینچ اسٹرینتھ بہتر بنانے کیلئے پانچ ٹیموں کے پاکستان کپ کو دیکھنا ہوگا۔ چیمپئنز کپ میں کچھ معیار نظر آتا ہے، لیکن مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم سب مایوس ہیں۔ قوم کیلئے کھیل رہے ہیں، پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے ۔ محمد رضوان نے انجری مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں اچھا پرفارم کر رہے تھے، وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے، کمبی نیشن اچھا بنا ہوا تھا ،صائم ایوب کی انجری نے پلان خراب کردیا۔ لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں۔

اسپورٹس سے مزید