کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے کہا ہے کہ جاپان نےپاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھر پور مدد فراہم کی ہے ،خاص طور پر قدرتی آفات سے بچاؤ، صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں جاپانی تعاون اہم رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقامی ہوٹل میں جاپانی شہنشاہ ناروہیتو کی 65ویں سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِاعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ تھے جبکہ وزیرِسندھ برائے توانائ، منصوبہ بندی اور ترقی، سید ناصر حسین شاہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سفارتکار، اعلیٰ سرکاری عہدیداران، ممتاز سیاستدان اور مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات تقریب میں شریک تھیں اپنی استقبالیہ تقریر میں قونصل جنرل ہاتوری نے کراچی میں دوسری مرتبہ قومی دن کی تقریب کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاپان اور پاکستان کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی حالیہ کوششوں کا ذکر کیا۔