• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدسیہ فیصل

عیدِ سعید کے بعد کئی ہفتوں تک عموماً عزیز اقارب، دوست احباب کے ساتھ پارٹیز، دعوتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ عید کے موقع پر ہماری بتائیں ہوئی تراکیب سے پکوان تیار کرچکی ہوں گی، تو چلیں، اگر آپ نے اس ویک اینڈ پر عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا ہے، تو ہماری اس ہفتے بتائیں ہوئی ڈشز میں سے کوئی ترکیب ٹرائی کرکے دیکھیں۔ اگر سب تعریف نہ کریں تو کہیے گا۔

……دم کا قیمہ……

اجزا: کالے چنے دو کھانے کے چمچے، بھنے ہوئے خشخاش ایک کھانے کا چمچہ، سفید اور کالا زیرہ ایک چائے کا چمچہ، چھوٹی الائچی سات سے آٹھ عدد، لونگ چار سے پانچ عدد، کالی مرچ چھ سے سات عدد، بیف کا قیمہ ایک کلو (مشین کا پسا ہوا)، دہی ایک پاؤ، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، کچا پپیتا پسا ہوادو کھانے کے چمچے، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ہری مرچ پسی ہوئی دو سے تین عدد، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، لیموں کا رس دو چائے کے چمچے، پودینا ایک گٹھی، تیل حسبِ ضرورت

ترکیب: گرائینڈر میں کالے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، کالا زیرہ، چھوٹی الائچی، لونگ اور کالی مرچ ڈال کر پیس لیں۔ پھر ایک پیالی میں لال مرچ ،کچا پپیتا، ادرک لہسن کا پیسٹ، پودینہ، ہری مرچ، پسے ہوئے اجزا اور پسا ہوا گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح یک جا کرکے فرائی پین میں ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ قیمہ گل جائے تو اس میں لیموں کارس اور تیل ڈال کر یک جا کرلیں او ر چار سے پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ مزیدار دم کا قیمہ تیار ہے۔ پودینا، ہری مرچ اور پیاز سے گارنش کر کے پیش کریں۔

…بیف شامی کباب …

اجزا: گوشت ایک کلو، چنے کی دال آدھا کلو، ثابت گرم مسالہ دو چائے کے چمچے، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، نمک ڈیڑھ چائے کا چمچہ، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،ثبات تلہار مرچ پانچ کھانے کے چمچے، زیرہ ایک کھانے کا چمچہ، پیاز تین عدد، ہری مرچ آٹھ عدد، ہرا دھنیا تین گڈی، آئل ایک کپ، انڈے تین عدد، پانی چار کپ۔

ترکیب: گوشت، چنے کی دال، ثابت گرم مسالہ اور نمک کو چار کپ پانی میں ڈال کر چولہے پر رکھ دیں اور جب اُبال آجائے تو اس میں ثابت تلہار مرچ، پسی لال مرچ، ادرک و لہسن کا پیسٹ، پیاز اور زیرہ شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گوشت اور دال گَل جائے تو تیز آنچ پر پانی خشک کرلیں۔ اب اسے سِل بٹے یا چو پر میں باریک پیس لیں۔ پیاز، ہری مرچ اور ہرا دھنیا اچھی طرح ملا کر ٹکیاں بنالیں اور انڈہ لگا کر تیل میں فرائی کریں۔ کباب تیار ہیں۔

……سلاد ……

اجزا: بندگوبھی کتری ہوئی ایک پیالی، گاجر کتری ہوئی دو عد، باریک کٹی ہوئی پیاز ایک عدد، کشمش ایک پیالی ،خشک خوبانی (باریک کٹی ہوئی) آدھا پاؤ، میونیز ایک کھانے کا چمچہ، دہی ایک پاؤ، نمک ، کالی مرچ حسب ِضرورت۔

ترکیب :گاجر اور بندگوبھی کو ایک بڑے پیالے میں ڈالیں، پیاز، میوہ اور خوبانیاں اس میں شامل کر کے اچھی طر ح مکس کر لیں، پھر ایک چھوٹے پیالے میں میونیز، دہی، نمک اور کالی مرچ ملا لیں۔ میوینز ڈریسنگ کو پیاز اور میوے میں ملائیں۔ مزیدا ر سلاد تیار ہے۔ سرو کرنے سے پہلے دو تین گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔

……پوری پراٹھا ……

اجزا  :گھی چوتھائی کپ، انڈے کی سفیدی ایک عدد، میدہ چار کپ، نمک آدھا چائے کا چمچہ ان سب کو ملا کر پیسٹ بنا لیں۔

ترکیب: پراٹھے کی ڈو بنانے کے لیے ایک پیالے میں چار کپ میدہ اور آدھا چائے کا چمچ نمک چھان لیں۔ پھر اسے حسب ِضرورت پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں۔ اس پر ایک کھانے کا چمچہ گھی لگائیں اور گیلے کپڑے سے ڈھک کر 20 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

اس کے بعد پیڑے بنالیں۔ ہر پیڑے کو بیل کر تیار پیسٹ لگائیں اور دوبارہ سے بیڑا بنالیں۔ اب ہر پیڑے پر تھوڑا سا گھی لگائیں اور ڈھک کر 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ کڑاہی میں گھی گرم کریں۔ ہر پیڑے کا باریک پراٹھا بنا کر درمیان میں سوراخ کردیں کہ اس میں ہوا نہ بھرے۔ آخر میں اسے ڈیپ فرائی کرلیں۔ یہاں تک کہ وہ گولڈن براؤن اور کرسپی ہوجائیں۔

……چپلی کباب ……

اجزا: قیمہ ایک کلو (باریک پسا ہوا)، مکئی کا آٹا ایک پاؤ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچ چار عدد سوکھا دھنیا دو چائے کے چمچے (بھون کرموٹا پیس لیں)، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ (پسا اور بھنا ہوا)، ٹماٹر چار عدد، پیاز ایک عدد، تیل تلنے کے لیے، انڈے چار عدد، ہرا دھنیا، پودینا حسبِ ضرورت، انار دانہ دو کھانے کے چمچے (موٹا پیس لیں)۔

ترکیب: ٹماٹر ،ہری مرچ، دھنیا اور پودینا باریک کاٹ لیں۔ مسالہ موٹا موٹا پیس کر سفید زیرے کے ساتھ قیمے میں ملالیں، ساتھ ہی مکئی کا آٹا اور انڈے پھینٹ کر شامل کردیں۔ اب درمیانے سائز کے کباب بنالیں۔ فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے کباب سنہری تل لیں۔ چپلی کباب تیار ہے۔ چپاتی سے کھائیں۔

……سنگا پورین رائس……

اجزاء: چاول آدھا کلو، چکن(بون لیس، چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کرلیں) آدھا کلو، چکن کیوبز دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، سویا سوس دو کھانے کے چمچ، ٹماٹو کیچپ آدھا کپ، شملہ مرچ ، پیاز، گاجر ایک ایک عدد، اسپیگٹیز آدھا پیکٹ، ہری پیاز دو عدد، لہسن چند جوے، مایونیز آدھا کپ، سالن مسالا دو کھانے کے چمچ اور تیل۔

ترکیب: پہلے چاول اُبال لیں۔ پھر پتیلی میں تیل ڈال کر گرم کریں اور چکن کیوبز، نمک، کالی مرچ اور اُبلے ہوئے چاول ڈال کر فرائی کرکے الگ رکھ لیں۔اس کے بعد دوبارہ تیل گرم کریں اور اس میں چوپ کی ہوئی شملہ مرچ، گاجر، پیاز، سرکہ، سویا سوس، نمک اور کالی مرچ ڈال کر فرائی کرکے نکال لیں۔ 

پھر دوبارہ تیل ڈالیں اور اس میں چکن، لہسن، سویا سوس، نمک، کالی مرچ، کیچپ اور فرائی سبزی شامل کردیں۔ اسپیگٹیز اُبال لیں اورپین میں تیل، نمک، کالی مرچ اور اسپیگٹیز ڈال کر فرائی کرلیں۔ ہری پیاز باریک چوپ کرکے اس میں مایو نیزاور سالن مسالا ڈال کر فرائی کریں۔ آخر میں ڈش میں چاول، چکن کا آمیزہ، اسپیگٹیزاور مایو نیز ڈال کر لیئرز لگائیں۔ اس طرح تہہ بہ تہہ بچھاتی جائیں اور اوون میں گرم کرکے، سرو کریں۔

……ربڑی کھیر……

اجزاء: چاول ایک کپ، دودھ دوکلو، چینی ایک کپ یا حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کیوڑہ ایسنس دو سے تین قطرے، ربڑی ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے، پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں، پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔ 

اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے، تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں۔ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی کر کے سرو کریں۔