کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے مصطفی عامر قتل کیس میں پولیس کو بلاتفریق کارروائیوں کے احکامات جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق مصطفی عامر قتل کیس کے سلسلے میں وزیراعلی ہاؤس کراچی میں ایک اجلاس ہوا۔جس میں چیف سیکریٹری سندھ، وفاقی حساس ادارے کے افسران ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شریک تھے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی سی آئی اے ڈی آئی جی ساوتھ اور وفاقی حساس ادارے کے افسرکی جانب سے وزیراعلی سندھ کو کیس میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر مکمل بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی سندھ کی جانب سے ہائی پروفائل کیس میں وفاقی حساس ادارے کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ وزیراعلی سندھ کو عدالت میں ہونے والی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے بعد وزیراعلی سندھ کی جانب سے پولیس کو بغیر کسی دباو میں کارروائی کے احکامات دیے گئے۔مصدقہ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پولیس کو اس ہائی پروفائل کیسے میں بلاتفریق کارروائیوں کے احکامات جاری کردیے ہیں۔مراد علی شاہ ے کہا کہ اس پورے کیس میں تفتیش شفاف طریقے سے کی جائے تاکہ پروسیکیوشن کو کیس چلانے میں آسانی ہو اور مدد ملے تاکہ وہ ملزمان کو تفتیش کی بنا پر قرار واقعی سزا دلوا سکیں۔