• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سسٹم میں اتنا دم نہیں کہ شاہ زین مری کو گرفتار کرے، گرفتار گارڈز کے وکیل کا دعویٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے بوٹ بیسن پر بااثر شخص کا شہری پر تشدد کے کیس میں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے گرفتار پانچ سیکورٹی گارڈز کو عدالت پہنچا دیا۔ دوران سماعت گرفتار گارڈز کے وکیل راشد صدیقی ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا ہے سسٹم میں اتنا دم نہیں کہ شاہ زین مری کو گرفتار کرکے، نادر مگسی اور دیگر نے رات بتایا کہ معاملہ طے ہوگیا ہے، خانہ پری کیلئے ڈرائیور، باورچی اور مالی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزمان کا پانچ دن کاریمانڈ دیا جائے، دیگر ملزموں کو گرفتار کرنا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک کرانا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ باقی ملزم کہاں ہیں۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ یہی ملزم ہیں۔ وکیل صفائی راشد صدیقی نے کہا کہ یہ وہ ملزم نہیں ہیں جو ویڈیو میں نظر آرہے ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ویڈیو واضح نہیں۔ مخبر خاص کی نشاندہی پر ملزم گرفتار کئے ہیں۔ راشد صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اصل ملزم انکے سامنے بھی آجائے تویہ گرفتار نہیں کرینگے، یہ نظام کی کمزوری ہے۔