راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) مولانا حامد الحق حقانی شہید کی تعزیت کیلئے اکوڑہ خٹک میں مہمانوں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد جاری،افغان نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا مولانا راشد الحق سمیع اور مولانا عبدالحق ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ ۔ نائب مہتمم مولانا راشدالحق حقانی اور سیاسی جانشین مولانا عبدالحق ثانی سمیت خاندان حقانی سے تعزیت کی۔ افغانستان کے نائب وزیراعظم مولانا عبدالکبیر حقانی نے نائب مہتمم دارالعلوم حقانیہ مولانا راشد الحق سمیع اور سیاسی جانشین مولانا عبدالحق ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور تعزیت کی۔ انہوں نے اس بڑے حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور دارالعلوم حقانیہ اور مسجد پر حملے کو بزدلانہ کارروائی قرارر دیا۔ اسی طرح افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج حقانی سمیت کئی رہنماؤں نے تعزیتی فون اور پیغامات بھیجے اور مولانا حامد الحق حقانی شہید کی شہادت کو بڑا سانحہ اور صدمہ قرار دیا۔ انہوں نے امارت اسلامی افغانستان کی طرف سے دارالعلوم حقانیہ اور نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع اور جانشین مولانا حامد الحق حقانی مولانا عبدالحق ثانی سے دلی تعزیت کی۔ تنظیم عالمی اتحاد برائے علماء مسلمین نے خود کش حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر تعزیت کی۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور قونصلر جنرل علی بنفشہ خواہ نے وفد کے ہمراہ تعزیت پیش کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود، سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی، اور دیگر جید علمامشائخ نے تعزیت کی اور مولانا حامد الحق حقانی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔