• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایئرپورٹ سے 2 ماہ میں 2339 مسافر آف لوڈ، 3363 پاکستانی ڈی پورٹ

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی ایئرپورٹ سے سال 2025کے پہلے 2 ماہ جنوری اور فروری میں مختلف وجوہات کی بنا پر پروازوں سے آف لوڈ مسافروں کی تعداد 2339 ہوگئی جبکہ ان 59دنوں میں مختلف ملکوں سے 3363 پاکستانی ڈی پورٹ کرکے کراچی پہنچائے گئے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق حالیہ 2 ماہ میں اوسطا 39مسافر یومیہ آف لوڈ کیے گئے جبکہ ان دنوں میں مختلف ملکوں سے اوسط کے حساب یومیہ 57 پاکستانی بے دخل کئے گئے۔ یہ دونوں تناسب ماضی کے حساب سے بہت زیادہ ہے۔ ذرائع کے مطابق سال 2023میں 3991پاکستانی کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ کیے گئے۔ 2024میں یہ تعداد 5016تھی۔ اسی طرح 2023میں 15503پاکستانی مختلف ملکوں سے نکالے گئے سال 2024میں ڈیپورٹیز کی تعداد 17094 تھی۔ پاکستانیوں کی مختلف ملکوں سے سمندری راستے سے کشتیوں میں یورپ سمگلنگ میں حادثات کی وجہ سے پاکستان میں کافی سختی کی گئی ہے یہ اعداد و شمار صرف کراچی ایئرپورٹ کے ہیں جبکہ لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ ایئرپورٹ سے بھی شہریوں کو آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔ کئی ملکوں سے بے دخل کیے گئے پاکستانی ان شہروں میں بھی پہنچانے جارہے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید