کراچی (نیوز ڈیسک) سابق محتسب اعلی سندھ اعجاز علی خان نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ترکیہ کے ادارہ ٹیکا نے پاکستان میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹس کو عالمی معیار کی ایمرجنسی ریسپانس کی تربیت فراہم کی جس پر ہم کراچی میں ترکیہ کے قونصلیٹ جنرل جمال سانگو، ٹیکا، آئی ایچ ایچ اور خلیل ابراہیم بصران کے مشکور ہیں کیونکہ موسمی تبدیلی کے لحاظ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے جس کا ثبوت گزشتہ سالوں میں سیلاب ، حد سے زیادہ بارشیں اور بےحدگرمی ہیں ایسے میں ہمارے اسکاؤٹس کو عالمی معیار کی ریسکیو کی تربیت بے حد ضروری ہے ۔ ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر منعقدہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوانس ٹریننگ کے چوتھے مرحلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے ادارے ٹیکا کے پاکستان میں کوآرڈی نیٹر خلیل ابراہیم بصران نے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے ، ٹیکا اور آئی ایچ ایچ نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹس کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کا جوعزم کیا ہے وہ مسقتبل میں بھی جاری رہے گا ۔ صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے کلمات استقبالیہ ادا کرتے ہوئے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوانس ٹریننگ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت کا چوتھا مرحلہ ہے اس قبل ترکیہ کے ادارے ٹیکا اور آئی ایچ ایچ نے تربیت کے تین مراحلے مکمل کرچکے ہیں تقریب سے صوبائی خازن محمد حسین مرزا ، آئی ایچ ایچ کے چیف ٹرینر اسماعیل التون نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کی نظامت کے فرائض نائب صوبائی سیکریٹری فرقان احمد یوسفی اور کوآرڈی نیٹر سید حبیب الدین نے انجام دیئے جبکہ تقریب کے آخر میں شرکاء میں اسناد پیش کی گئیں ۔