کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے رمضان المبارک سے قبل اسٹیل مل کے 1370ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور تمام برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے، اسٹیل ملز ملازمین کے تمام زیر التواء مالی واجبات کو اداکیا جائے۔ ریاست روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے لیکن موجودہ وفاقی حکومت جس میں پیپلز پارٹی اہم شراکت دار ہے وہ اسٹیل ملز سے تمام ملازمین کو بے روزگار کر رہی ہے، 24فروری کو اسٹیل ملز سے جن ملازمین کو برطرف کیا گیا اس میں بڑی تعداد سیکورٹی گارڈز کی بھی ہے سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کو خالی کرکے اسٹیل ملز انتظامیہ نے چوروں کو کھلی دعوت دی ہے،یہ انتہائی سنگین نوعیت کا عمل ہے ریاستی اداروں کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہے،جماعت اسلامی ملازمین کی نمائندہ ٹریڈ یونینز کے پرامن احتجاج کی مکمل حمایت کرتی ہے۔