کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ اسلام میں یتیموں کی کفالت اور سرپرستی کی بہت تائید کی گئی ہے، الخدمت نے یتیم بچوں کو ”باہمت بچوں“ کا نام دیا ہے اور الخدمت کے تحت ملک بھر میں 30ہزار سے زائد بچوں کی کفالت کی جارہی ہے، جن میں تعلیمی اخراجات سمیت علاج معالجے کی سہولتیں شامل ہیں ، کراچی میں ہر سا ل کی طرح اس سال بھی 2400 باہمت بچوں کو عید کی خریداری کرائی جا رہی ہے،الخدمت آرفن کیئر پروگرام معاشرے کیلئے مثال ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت نجی شاپنگ مال میں 2400باہمت بچوں کو5روزہ عید کی خریداری کے دوسرے دن میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خریداری کے موقع پر بچوں کے اہل خانہ بھی موجودتھے، الخدمت نے ہر بچے کو خریداری کے لیے 6000روپے کا ٹوکن فراہم کیا جبکہ 500روپے بطور عیدی اس خریداری کے علاوہ دیئے گئے۔