• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں بلوچ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے‘ ڈاکٹرماہ رنگ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ شب قلات سے اشفاق احمد ولد خدا بخش سمیت درجنوں افراد کو لاپتہ کیا گیا ۔اشفاق احمد حال ہی میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے فارغ التحصیل ہوکر اپنے گھر آئے تھے، یہ بات انہوں نے منگل کواشفاق احمد کے اہلخانہ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیاں، جعلی مقابلے، ٹارگٹ کلنگ اور بلوچ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے،رواں سال کے ابتدائی دو مہینوں میں درجنوں بلوچوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا گزشتہ ہفتے بلوچستان بھر میں ان مظالم کے خلاف مکمل احتجاج کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ شب سے قلات شہر میں درجنوں افراد کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا جن میں اشفاق احمد بھی شامل ہیں ،انہوں نے کہاکہ اگر حکومت کو سڑکوں کی بندش سے مسئلہ ہے تو جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کرکے لاپتہ افراد کو منظر عام پر لائے، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں کہیں بھی جبری گمشدہ افراد کے خاندان احتجاج کریں گے بلوچ یکجہتی کمیٹی ان لواحقین کی جدوجہد میں ان کیساتھ کھڑی ہے۔
کوئٹہ سے مزید