• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلاء میں پھنسے خلاء بازوں نے غیر متوقع طویل سفر کا احوال سنا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں سوار گزشتہ برس جون سے خلاء میں پھنسے ہوئے خلاء بازوں نے اپنے غیر متوقع طویل سفر کا احوال سنا دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا کی خلاء باز 58 سالہ سنیتا ولیمز اور 62 سالہ بوچ ولمور ابتدائی طور پر 8 روز کے لیے خلاء میں گئے تھے، تاہم اسٹار لائنر کی خرابی کے سبب گزشتہ 9 ماہ سے خلاء میں پھنسے ہوئے ہیں۔

خلاء میں 9 ماہ سے پھنسے ان خلاء بازوں نے خلاء میں اپنے غیر متوقع طور پر طویل سفر کو ایلون مسک اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سیاسی بنانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ ماہ اپنی ایک پوسٹ میں یہ کہا تھا کہ امریکی خلاء باز سیاسی وجوہات کی بنیاد پر خلاء میں پھنسے ہوئے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ میں نے خلاء میں پھنسے خلاء بازوں کو واپس لانے کی پیشکش کی تھی لیکن جو بائیڈن نے میری پیشکش ٹھکرا دی کیونکہ وہ میڈیا کے سامنے کسی بھی ایسے شخص کی پزیرائی ہوتے نہیں دیکھ سکتے جو ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر رہا ہو۔ 

62 سالہ بوچ ولمور نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جو کچھ بھی ہو رہا ہے، یہ زندگی کا حصہ ہے، میرے نقطۂ نظر سے اس میں سیاست بالکل بھی شامل نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ کیا پیشکش کی گئی اور کسے پیشکش کی گئی یا یہ عمل کیسے ہوا؟

بوچ ولمور نے کہا کہ ہم سب ایلون مسک کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ظاہر ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی احترام کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنی قوم اور قوم کے رہنماؤں کی حمایت کرتے ہیں اور ان کے شکر گزار بھی ہیں۔

58 سالہ سنیتا ولیمز نے ایلون مسک کی بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی جلد ریٹائرمنٹ کی تجویز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کہوں گی کہ ہم واقعی اس وقت اپنے عروج پر ہیں اور ابھی شاید ایسا کہنے کا صحیح وقت نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ زمین پر موجود لوگوں کے لیے اس سفر سے متعلق سب سے مشکل چیز یہ ہے کہ وہ ہماری واپسی کے بارے میں نہیں جانتے۔

سنیتا ولیمز نے یہ بھی کہا کہ غیر یقینی صورتِ حال میرے خیال میں شاید اس طویل سفر کا سب سے مشکل حصّہ ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید