کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سندھ میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کا ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کی پیشکش کی جبکہ سینئر وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوکری پیشہ خواتین اور طالبات کو ایک ہزار الیکٹرک اسکوٹیز جلد فراہم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن سے الیکٹرک اسکوٹی بنانے والے چینی تاجروں کے وفد نے کراچی میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو بھی موجود تھے، ملاقات میں سندھ میں الیکٹرک اسکوٹی متعارف کروانے اور ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس دوران، وفد نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو اپنی کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور ٹرانسپورٹ سسٹمز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سندھ میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کا ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کی پیشکش کی۔