اسلام اباد( رپورٹ حنیف خالد) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کے ترجمان نے کہا ہے کہ چینی کی ایکس مل قیمت میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہوا ہے کیونکہ یہ طلب اور رسد کی بنیاد پر اتار چڑھاؤ کا شکار رہتی ہیں۔ترجمان نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی کہ انڈسٹری چینی کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔ ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قیمتوں میں اضافے کا اصل فائدہ اٹھانے والے سٹہ باز، ذخیرہ اندوز اور منافع خور ہیں جو اپنے پاس دستیاب چینی پر ناجائز منافع کمانے کیلئےصورتحال کے مطابق مارکیٹ فورسز کو متاثر کرنے کیلئے افواہیں پھیلاتے ہیں۔ یہاں یہ امرواضح کرنا ضروری ہے کہ شوگر ملیں پہلے ہی رمضان پیکیج میں وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے تعاون سے خصوصی ڈسکاؤنٹ اسٹالز کے ذریعے 130 روپے فی کلو کے رعایتی نرخ پر چینی فراہم کر رہی ہیں۔مزید یہ کہ گنے کا ریٹ بھی موجودہ کرشنگ سیزن میں 650 روپے فی من تک پہنچ گیا ہے۔