اسلام آباد( نیوز رپورٹر)فیڈرل گورنمنٹ ايمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلہ کی روشنی میں اتھارٹی نے کئی سال سے تعطل کاشکار سیکٹر جی تیرہ اپارٹمنٹس پراجیکٹ کا قبضہ خود لے لیا ۔ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق بورڈ نے عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ایفرو پروجیکٹ انتظامیہ کے خلاف سخت نوٹس لیا ہے۔ ہاؤسنگ اتھارٹی کے پروجیکٹ لائف اسٹائل پریزیڈینشیا (EHFPRO) کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا جس کی تکمیل جولائی 2020 میں متوقع تھی مگر ابھی تک اسے مکمل نہیں کیا گیا۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق، سرکاری ملازمین اور نجی شعبے کے لیے 3,273اپارٹمنٹس تعمیر کئے جانے تھے تاہم کمرشل ایریا کی تعمیر کا کام بنیاد سے آگے نہ بڑھ سکاجس کی وجہ سے الاٹیوں میں مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ اب اتھارٹی نے معاہدہ کے تحت شراکت داری ختم کردی ہے۔