• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف کمشنر کی اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت زوم کے ذریعے ماہِ صیام میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سےاجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ نفاست رضا، ممبر پلاننگ اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کو رمضان سستے بازاروں اور ریلیف پیکج کے تحت قائم کیے گئے سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماہِ صیام کے دوران گھی، چینی، آٹا، چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سستے بازاروں میں گھی 30 روپے فی کلو اور مرغی 15 روپے فی کلو کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح انڈوں کی سرکاری قیمت میں 15 روپے فی ددجن کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہِ صیام کے دوران اوور چارجنگ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اب تک 117 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد افراد پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سستے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو شفافیت کے ساتھ معلومات فراہم کی جا سکیں۔
اسلام آباد سے مزید