اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ) پاک ایران بارڈر تفتان زائرین کیمپ میں اہلِ وطن بحفاظت گھروں کو واپسی کے لئے بے یارو مددگار حکومتی اقدام کے منتظر ہیں، تفتان تا کوئٹہ مسافت دہشت گردوں کا آسان ہدف رہا ہے۔ زائرین کے قافلے سیکورٹی حصار میں فی الفور روانہ کئے جائیں، ماہ مبارک رمضان المبارک میں زائرین کی گھروں کو واپسی میں تاخیر سے بے چینی میں اضافہ ہوا ہے ، گذشتہ20 دنوں سے کوئی قافلہ روانہ نہیں کیا جاسکا ۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ زائرین کی داد رسی کے لیے فوری نوٹس لیں۔ سیکرٹری جنرل تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ بشارت حسین امامی نے صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے نام مراسلہ میں لکھا کہ زائرین میں بوڑھے اور بیمار افراد کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں خواتین بھی ہیں جو فوری طور پر گھروں کی واپسی کی منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین جو پہلے ہی سفر کی صعوبتیں جھیل کر وطن کی سرحد میں داخل ہونے پر گھروں کو جلد واپسی کی امید لگائے بیٹھے تھے، کئی کئی ہفتوں سے انتظار میں موسمی سختیوں اور خوراک ودواوں کی کمی کے باعث بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں لہذا تفتان میں منتظر زائرین کی گھروں کو واپسی فوری یقینی بنائی جائے۔