برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان میں غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کے منصوبے سے متعلق عرب اقدام کی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ غزہ کی تعمیر نو کےلیے ایک عملی نقطہ نظر کی وضاحت کرتا ہے اور اگر مؤثر طریقے سے عمل میں لایا جائے تو غزہ میں فلسطینی آبادی کے حالات زندگی میں فوری اور پائیدار اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کی بنیاد ایک مضبوط سیاسی اور سیکیورٹی فریم ورک پر ہونی چاہیے جو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کےلیے قابل قبول ہو، اس طرح دونوں فریقین کےلیے طویل مدتی امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ حماس غزہ پر حکومت نہیں کرتی اور نہ ہی اسرائیل کےلیے کسی بھی حیثیت میں خطرہ ہے۔ ہم واضح طور پر فلسطینی اتھارٹی کے مرکزی کردار کی حمایت کرتے ہیں اور اس کے اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کی وکالت کرتے ہیں۔
وزراء خارجہ نے کہا کہ ہم اس میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں اور ان کی تعریف کرتے ہیں اور اس بحالی اور تعمیر نو کے منصوبے کو باہمی تعاون کے ساتھ تیار کرنے میں عرب ریاستوں کی طرف سے دیے گئے اہم پیغام کی تعریف کرتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم فلسطینیوں اور اسرائیل کے ساتھ مل کر سیکیورٹی اور گورننس کے متعلقہ مسائل کو باہمی تعاون کے ساتھ حل کرنے کےلیے عرب اقدام کے ساتھ شامل ہونے کےلیے پُرعزم ہیں۔ ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ مزید پیشرفت کے لیے اس منصوبے کی بنیادی خوبیوں سے فائدہ اٹھائیں۔