کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اگر ممبران قومی اسمبلی کو پچیس پچیس کروڑ روپے دے رہی ہے تو کراچی کو پچیس ارب روپے دے تاکہ ہم کراچی میں بڑا کام کرسکیں، خالد مقبول صدیقی سے مطالبہ ہے کہ آپ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مضبوط کریں، آئین کا آرٹیکل 40-A پاکستان کے عوام کیلئے ہے، کراچی شہر میں اگر کام ہوگا تو صرف بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہوگاکوئی اور نہیں کرے گا، کراچی کی 246 یوسیزکو پچاس پچاس اسٹریٹ لائٹس دی جارہی ہیں تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنے اپنے علاقوں کو روشن کرسکیں، مجموعی طور پر 12ہزار 300اسٹریٹ لائٹس آج تقسیم کی جارہی ہیں، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے اتوار کے روز کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور مختلف یوسیز کے چیئرمین بھی موجود تھے۔