• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور مصر کا دفاع اور تجارت میں تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

جدہ (شاہدنعیم) نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے فلسطین پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خصوصی کانفرنس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور مصر نے اپنے سیاسی، دفاعی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے مختلف اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا ہے جن میں سالانہ دو طرفہ مشاورت بھی شامل ہے جو تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون پر مرکوز ہے۔ نومبر 2022میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ، مصر میں سی او پی 27 موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی جس میں پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی زرِ تلافی اور قرض میں نرمی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اپنی ملاقات میں ڈار اور عبدالعاطی نے دونوں ممالک کے تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور کثیر الجہتی تعلقات کی تعریف کی جو مشترکہ عقائد، اقدار اور ثقافتی روابط پر قائم ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی، دفاعی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کے درمیان روابط کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔
اہم خبریں سے مزید