اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 190ملین پائونڈ سےدانش یونیورسٹی بنائینگے، 190ملین پاؤنڈز کی رقم وفاقی حکومت کو منتقلی پر چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، بلوچستان اور کے پی میں دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری ہے ملک میں امن قائم ہونے تک ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،ہماری ترجیح شرح نمو میں اضافہ کرنا ہے، ہمیں ملکی ترقی کی طرف دوڑ لگانی ہے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، انشا اللہ تعمیر و ترقی کے سفر میں نئے ارکان محنت کرینگے، رواں ماہ ترسیلات زر 13.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے، اسی تیزی سے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے زراعت، انڈسٹری، کامرس، فنانس، آئی ٹی، معدنیات اور میری ٹائم انتہائی اہم شعبے ہیں، ریلویز کی مکمل ٹرانسفارمیشن کی جائے، ہر سہ ماہی بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی سفارش پر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجینسی رسپانس ٹیکنیکل ٹیم/کوآرڈی نیشن سینٹر آف چائنہ کے درمیان سائبر سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کو مستحکم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دیدی۔یہ منظوری وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی جو گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ میں حالیہ توسیع کے بعد یہ وفاقی کابینہ کا پہلا باضابطہ اجلاس تھا۔ وزیراعظم نے نئے کابینہ اراکین کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور ان کلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی انتہائی بہتر اور مؤثر رہی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب تک ملک میں مکمل طور پر امن قائم نہیں ہوگا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے زراعت، انڈسٹری، کامرس، فنانس، آئی ٹی، معدنیات اور میری ٹائم انتہائی اہم شعبے ہیں، ریلویز کی مکمل ٹرانسفارمیشن کی جائے، ہر سہ ماہی بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں حکومت کی سالانہ کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا، آئی ایم ایف کی معاونت سے معاشی استحکام آیا ہے، ہمیں ملکی ترقی کے لیے محنت کرنی ہے۔ ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے اور منزل کو حاصل کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں ماہ ترسیلات زر13 اعشاریہ ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے، اسی تیزی سے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے، ہر ہفتے دو وزارتوں کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے طلبہ و طالبات کو بہترین اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے دانش اسکولوں کے بعد دانش یونیورسٹی کےقیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی کو ایسا ادارہ بنائینگے جو دنیا میں نام پیدا کریگی،بدترین بددیانتی سے 190ملین پائونڈ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی بجائے ایسے اکائونٹ میں جمع کرادیئے گئے تھے جس کا ملکی خزانے سے کوئی تعلق نہیں تھا،یہ رقم دانش یونیورسٹی پر خرچ کی جائیگی،دانش یونیورسٹی سے ہونہار طلبا کو بہترین تعلیمی مواقع میسر آئینگے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجو وزیر اعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے پاکستان کو واپس کیے گئے 190ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ سے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے ہیں۔