کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ نے اپنے تاریخی10 ویں ایڈیشن کی ٹرافی Luminaraلومینارا کی رونمائی کراچی کے ساحل پر منفرد انداز میں کی ۔ 10 کلو وزنی لو مینارا کو ٹھوس چاندی کی شیٹ سے تیار کیا گیا ہے جس کو 22850 چمکدار زرکون پتھروں سے مزین کیا گیا ہے ۔ ٹرافی کا نام لاطینی لفظ لو مینارا سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے ’’روشنی‘‘ ۔ پی سی بی کے مطابق ٹرافی کی رونمائی بحیرہ عرب کے کھلے پانیوں میں کی گئی جہاں ایک پیشہ ور غوطہ خور نے پاک بحریہ کے تعاون سے گہرے سمندر سے جیسے ایک خزانہ برآمد کیا ہو ۔ اس منفرد منظر کے موقع پر پی سی بی اور ایچ بی ایل کے حکام، فرنچائز کے نمائندے اور کرکٹرز موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سمندر میں لومینارا کی نقاب کشائی لیگ کی جدت اور عمدگی کے عزم کا ثبوت ہے۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کے مطابق جس طرح سمندر گہرائی رکھتا ہے اسی طرح پی ایس ایل ٹیلنٹ اور اسپورٹس مین شپ کا گہرا ذخیرہ رہی ہے۔ پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہونے والا ہے۔