• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت، ایک دن میں پچاس ڈاکٹروں کے تبادلے، ڈاکٹرز پریشان

کراچی (بابرعلی اعوان / اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے ایک دن میں پچاس ڈاکٹروں کے تبادلے کر دیئے ہیں جس سے ڈاکٹروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

 ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ تبادلے سروس کا حصہ ہوتے ہیں لیکن یکدم رمضان المبارک کے آغاز میںبغیر کسی ضرورت اور وجہ اتنی بڑی تعداد میں تبادلوں نے سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، جسے ڈاکٹروں نے پریشان کن قرار دیا ہے جبکہ ڈاکٹر تنظیموں نے بھی اس کی مذمت کی ہے۔

 28 فروری کو ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی نے تبادلوں کا اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق اعلیٰ حکام کے احکامات پر پچاس ڈاکٹروں کا تبادلہ کیا جاتا ہے جو اپنی تنخواہیں اصل تعیناتی کے مقام سے حاصل کر سکیں گے۔

 ذرائع کے مطابق حال ہی میں غیر قانونی طور پر تعینات چیف ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق کی جانب سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی سے پہلے ڈاکٹروں کی تفصیلات طلب کی گئیں اور پھرتبادلوں کے احکامات دیئے گئے تاہم جنگ کے استفسار پر ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق نے اس کی تردید کی، ان کا کہنا تھا کہ تبادلوں میں ان کا کوئی کردار نہیں، تبادلے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی نے کیے ہیں اس لئے ان سے ہی موقف لیا جائے۔

 ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر ثاقب شیخ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرا للہ بخش مشتاق نے سیکریٹری صحت کی وساطت تبادلوں کے احکامات دیئے تھے جس پر تبادلوں کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

 ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کے ماتحت رہنے والے ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق اب چیف ٹیکنیکل آفیسر کی حیثیت سے ان پر حکم چلانے کے ساتھ مبینہ دباؤ بھی ڈال رہے ہیں جس سے وہ پریشان ہیں۔ دوسری جانب تبادلے پانے والے ڈاکٹروں نے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے درخواست کی ہے کہ تبادلےواپس لئے جائیں۔

اہم خبریں سے مزید