اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے اس کا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنےکا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیےکے مطابق حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف دینےکی تیاری کر رہی ہے، بجلی کےنرخوں میں کمی سے متعلق پیکج کا اعلان آئندہ چندہفتوں میں کیا جائیگا، وزیراعظم نے کہا زیور تعلیم سے آراستہ قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع کی یکساں فراہمی اولین ترجیح ہے، 190 ملین پائونڈکی خطیر رقم سے دانش یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے، دانش یونیورسٹی انشا اللّٰہ سٹین فورڈ یونیورسٹی، آکسفورڈ یونیورسٹی، برکلے یونیورسٹی سمیت ایم آئی ٹی طرز کی جامعہ ہوگی، دانش درسگاہ میں بہترین تعلیم ، اساتذہ اور تحقیق کے حوالے سے طلبا مستفید ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ یونیورسٹی قابل اور بہترین اساتذہ ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز اور اپلائیڈ سائنسز کے حوالے سے ایک بہترین دانش گاہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ کومنظور ہوا تو انشااللّٰہ آئندہ سال 14 اگست 2026 کو اس یونیورسٹی کا پہلا حصہ آپریشنل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہترین اور معیاری تعلیم کی سب کیلئے فراہمی کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے، یہی وہ جذبہ ہے کہ آج 190 ملین پائونڈکی خطیر رقم سے دانش یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے یہ رقم قومی خزانے میں ٹرانسفر کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں بہترین کیمپس قائم کیا جائیگا جسکی ملک میں قبل ازیں کوئی مثال نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں، کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پورے ملک سے بچے اور بچیاں یہاں تعلیم حاصل کر سکیں گے اور اسکی صرف ایک شرط میرٹ ہوگی، میرٹ کے علاوہ کسی کو داخلہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا دانش یونیورسٹی کے ٹرسٹ کو حکومت پاکستان 10 ارب روپے فراہم کریگی اور جب یونیورسٹی میں تعلیم وتدریس کا سلسلہ جاری ہو جائیگا تو صاحب حیثیت افراد کی معاونت سے قابل طلبا کو مفت تعلیم فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں گریجویشن اور پوسٹ گریجوایشن کی تعلیم فراہم کی جائیگی اور دانش اسکولوں کے طلبا کیلئے بھی نظام بنایا جائیگا تاکہ وہ یہاں داخلہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے حوالے سے باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ہے، بورڈ آف گورنرز کے ناموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور انتہائی قابل افراد کو بورڈ میں شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دیگا یہاں پر مصنوعی ذہانت ، آئی ٹی ، اپلائیڈ سائنسز سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم وتربیت فراہم کی جائیگی۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر تعلیم وتربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت وفاقی وزرا ، شزا فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری ، اراکین پارلیمان، چیئرمین ایچ ای سی سمیت ماہرین تعلیم اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیےکے مطابق حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینےکی تیاری کر رہی ہے، بجلی کےنرخوں میں کمی سے متعلق پیکج کا اعلان آئندہ چندہفتوں میں کیا جائیگا، مجوزہ ریلیف سےمتعلق وزیراعظم جلد قوم کو آگاہ کرینگے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی سے متعلق جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے، حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔