پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مردان اور پشاور میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خوردونوش برآمد کر کے تلف کر دیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردان میں نوشہرہ روڈ اور رشکئی انٹرچینج پر علی الصبح ناکہ بندی کی گئی، جہاں خوردنی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 10 ہزار کلوگرام سے زائد غیر معیاری اور کم عمر چکن گوشت برآمد کیا گیا، جو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 200 کلو غیر معیاری مچھلی بھی برآمد کی گئی، جسے فوڈ سیفٹی قوانین کے مطابق موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا۔مزید تفصیلات کے مطابق ایک اور گاڑی کی انسپکشن کے دوران 525 کلو غیر معیاری و مضر مصالحہ جات اور 500 کلوگرام مس لیبل کریم بھی ضبط کر لی گئی۔ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر دئیے گئے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔تفصیلات میں یہ بھی بتایا گیا کہ پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیم اور کنٹونمنٹ بورڈ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف برانڈڈ بیکریوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری اشیاء اور زائد المیعاد اجزاء کی موجودگی کا انکشاف کیا۔ چیکنگ کے دوران معلوم ہوا کہ کئی ورکرز کے طبی سرٹیفکیٹ موجود نہیں جبکہ ایک بیکری یونٹ کے پاس حلال سرٹیفکیٹ بھی نہیں تھا۔ترجمان کے مطابق معائنے کے دوران حشرات کش اسپرے (انسیکٹ کلرز) کے استعمال، زائد المیعاد اشیاء اور غیر معیاری تیل بھی پکڑا گیا۔اس کے علاوہ صفائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کے بغیر دستانے کام کرنے اور دیگر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔فوڈ اتھارٹی حکام کا فوڈ سیفٹی ٹیم نے بیکری مصنوعات کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھیج دئیے جبکہ اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد چالان نوٹس جاری کر دئیے گئے۔ مالکان کو قانونی کارروائی کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے خبردار کیا ہے کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والے باز آ جائیں یا کارروائی کے لیے تیار رہیں۔دوسری جانب وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کو محفوظ، حلال اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔