کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے چوتھے میچ میں کراچی بلوز نے اوپنرز عبداللہ فضل اور جہانزیب سلطان کی جارحانہ نصف سنچریوں کی بدولت لاڑکانہ کو 10وکٹوں سے شکست دے دی۔ اقبال اسٹیڈیم میں گروپ اے کے میچ میں لاڑکانہ نے ٹاس جیت کر کھیلتے ہوئے 7 وکٹ پر 141 رنز اسکور کیے۔ صابرعلی چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ رمیزعزیز اور بہادر علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کراچی بلوز نے مطلوبہ اسکور 14 اوورز میں کسی وکٹ کے نقصان کے بغیر پورا کرلیا۔ جہانزیب سلطان نے 43گیندوں پر5 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے79 اور عبداللہ فضل نے 41گیندوں پر4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے۔ جہانزیب سلطان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔